Home Top Ad

Responsive Ads Here

بینک...رہبر.فراڈ...


بینک اور معلومات 
خبردار، ہوشیار....فراڈ یا رہبری

دوستو! آج میں بڑے فراڈ سے بچ گیا، آپ بھی اگر بنک ہولڈر ہیں یا اےٹی ایم کارڈ اور کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہیں تو پوسٹ لازمی پڑھیں۔
رات کو تقریباً نو بجے مجھے  Silk Bank کی ہیلپ لائن سے کال موصول ہوئی۔ایک آدمی نے بتایا کہ آپ کا بنک اکاؤنٹ  بنک نے بند کردیا گیا ہے۔ ہمیں آپ کی طرف سے کچھ معلومات درکار ہیں تاکہ آپ کا اکاؤنٹ بحال ہوسکے۔ یہ کہتے ہیں اس بندے نے کال ٹرانسفر کردی۔ایک نیا بندہ فون پر آگیا۔دوسرے بندے نے مجھے وہی کہانی بتائی کہ آپ کا اکاؤنٹ بند ہوگیا ہے۔ اس کےلیے کچھ Verifications کی ضرورت ہے۔تاکہ آپ کا اکاؤنٹ محفوظ بناکر ری اوپن کیا جاسکے۔
میں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے  کہامجھے کیسے پتا چلے گا کہ آپ Silk Bank سے بات کررہے یا آپ سچ بات کررہے ہو۔یا پھرآپ کوئی فراڈیے نہیں ہو۔ جس پر اُ س بندے نے مجھے بتایا کہ آپ کا بنک اکاؤنٹ نمبر یہ ہے، کریڈٹ کارڈ نمبر یہ ہے۔ڈیبٹ کارڈ کا نمبر یہ ہے۔موبائل ایپ کا خفیہ کوڈ بھی بتادیا۔اور تو اور اُس نے میری آخری ٹرانزیکشن کے بارے میں بھی بتایا۔یہ بھی بتایا کہ میرے سلک بنک میں دو اکاؤنٹ ہیں ، جن میں سے ایک ایکٹو ہے۔ دوسرا عرصہ دراز سے بند ہے۔اس بندے نے ہر معلومات مجھے ٹھیک ٹھیک فراہم کردیں۔لیکن پھر بھی میرا دل مطمئن نہیں ہور ہاتھا۔ میں نے ایک اور سوال داغ دیا۔ میں نے پوچھا کہ اگر میرا کاؤنٹ بند ہوا ہے تو اس کا  کوئی میسج کیوں نہیں آیا۔ جس پر اُس بندے نے کہا کہ میں ابھی میسج بھیج دیتاہوں۔کال کے دوران اس نے میسج بھی بھیج دیا۔ میں نے چیک کیا تھا تو جہاں سےپہلے سلک بنک کے ٹرانزیکشن والے میسجز آتے ہیں وہیں سے یہ میسج بھی آگیا کہ آپ کا اکاؤنٹ بند کردیا گیا۔ یہ دیکھ کر مجھے مزید یقین ہوتا چلا گیا۔
دل ہی دل میں شک میں بھی مبتلا ہورہا تھا کہ کہیں یہ کوئی فراڈ تو نہیں۔ کیونکہ آج سے پہلے بینک کی طرف سے ایسی معلومات نہیں لی گئی تھیں۔پھر خیال آیا کہ اگر ابھی ان کو ویری فکیشن نہ دی تو بینک کےچکر لگانے پڑیں گے۔خواری اٹھانا پڑے گی۔وغیرہ وغیرہ۔۔اس سے باتوں باتوں یہ سب خیالات میرے دماغ میں چل رہےتھے۔ آخر کار میں نے سوچاکہ معلومات بتا دیتاہوں۔ کیونکہ اتنی معلومات کسی کےپاس نہیں ہوسکتی، ماسوائے بینک والوں کے۔۔۔اسی دوران اُس نے مجھے میرا کریڈٹ کارڈ نمبر بتایا اور کہا کہ کیا یہ ٹھیک ہے۔میں نے کہاں ہاں جی ٹھیک ہے۔پھر اس نے کریڈٹ کارڈ پر ایکسپائری ڈیٹ پوچھی ،میں نے وہ بھی بتادی۔ پھر اس نےکریڈٹ کارڈ پر ایک تین ہندسوں کا خفیہ نمبر ہوتا ہے۔ وہ پوچھا تو میں رُک گیا۔
میں نے کہا اس بارے میں تو آپ لوگوں کی ای میلز اور میسجز آتے ہیں کہ خفیہ کوڈز کسی کو نہ بتائیں اور نہ ہی یہ کوڈز بنک کبھی آپ سے مانگےگا۔
جس پر وہ مجھے مطمئن نہ کرسکا۔اور کہنے لگا کہ آپ نے ویری فکیشن کرانی ہے یا نہیں ،اگر ویری فکشن کرا لیں گے تو اکاونٹ بحال ہوجائے گا۔ نہ کرائی تو یہ ہمیشہ کےلیے بند ہوجائے گا۔۔میں نے کہا میں کرانا چاہتا ہوں لیکن کریڈٹ کارڈ کا یہ کوڈ آپکو نہیں بتا سکتا۔ ویسے بھی آپ کے پاس جب ساری انفارمیشن ہیں تو یہ بھی پتا ہونی چاہیے۔اس نے کہا ہمیں پتا ہے لیکن ہم ویری فکشن کررہے ہیں کیونکہ یہ کال ریکارڈ ہورہی ہے۔میں نے کہااچھا آپ مجھے صرف پہلا ہندسہ بتا دیں۔باقی میں آ پ کو بتا دیتاہوں۔ جس پر وہ آئیں بائیں شائیں کرنے لگا۔اور بار بار کہنے لگا آپ نے نہیں کرانی ویری فکیشن تو نہ کرائیں۔۔آخر کار میں نے بھی  اسے کہہ دیا کہ مجھے نہیں کرانی  ویرفکیشن، بھاڑ مین جاؤ۔۔۔
کال بند ہوگئی، میں نے فوراً سلک بینک کے ہیلپ لائن ملائی  ۔آپریٹرکو بتایا تو اس نے پوچھا کہ آپ نے معلومات دےدی ان کو ۔۔میں نے کہا ساری نہیں دیں۔آپریٹر نے بتایا کہ وہ فراڈ کال تھی۔ ہم آپ کا ڈیبٹ کارڈ،کریڈٹ اور موبائل بنکنگ بند کررہے ہیں۔کیونکہ آپ کی انفارمشین ہیک ہوگئی ہیں۔میں نے آپریٹر سے پوچھا۔۔۔ یہ سب تو ٹھیک ہے مگر وہ لوگ سلک بینک کی ہیلپ لائن سے کال کررہے تھے۔اس نے بتایا کہ یہ سپوف کالز ہوتی ہیں۔
دوستو! میں تو بچ گیا۔۔۔اگر آپ کو ایسی کوئی کال آئےجس میں وہ آپ سے ذاتی معلومات پوچھیں تو کبھی مت بتائیں۔ کیونکہ فراڈیے آئے روز نت نئے طریقوں سے لوٹ رہے ہیں۔ اور یہ لوگ ٹیکنالوجی میں بھی بہت آگے نکل چکے ہیں۔اتنے آگے کہ ہماری سوچ بھی وہاں تک نہیں پہنچ سکتی۔
دوستو اس پوسٹ کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ لوگ اس فراڈ سے بچ سکیں۔


پچھلے دنوں ایک خاتون نے مجھ سے بھی رابطہ کیا اور اسی طرح کی کہانی سنائی۔ ان کی والدہ کے اکاؤنٹ سے ساڑھے 5 لاکھ روپے نکال لئے گئے۔ اب مختلف فورمز پر درخواستیں دے رہی ہیں۔لیکن شنوائی نہ ہونے کے برابر۔
احتیاط کیجیے۔